لورالائی میں اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم کی کھلی کچہری، بجلی، پانی، سڑکوں اور بی ایس ڈی آئی اسکیموں کے مسائل پیش

لورالائی: اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم کی زیرِ صدارت اسسٹنٹ کمشنر کمپلیکس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد شہریوں کے مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست سننا اور ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانا تھا۔
کھلی کچہری میں ایف سی کے میجر کامران، ایس ڈی پی او غلام اکبر، تحصیلدار بوری ثناء اللہ لونی، مختلف سرکاری محکموں کے افسران و نمائندگان، انجمن تاجران کے عہدیداران، قبائلی عمائدین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے بالخصوص بجلی، پینے کے پانی، سڑکوں کی خستہ حالی، امن و امان، صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب، بنیادی شہری سہولیات اور BSDI کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں سمیت دیگر مسائل کی نشاندہی کی اور مطالبہ کیا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ بعض مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کی گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ پیش کیے گئے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور دوسرے محکموں سے متعلق معاملات پر مؤثر رابطہ کر کے پیش رفت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، اور کھلی کچہریوں کا مقصد انتظامیہ اور عوام کے درمیان رابطہ مضبوط بنانا اور شہریوں کو اپنی شکایات براہِ راست حکام تک پہنچانے کا پلیٹ فارم دینا ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مسائل کے لیے انتظامیہ سے براہِ راست رابطہ رکھیں اور امن و امان، صفائی اور ترقیاتی منصوبوں کی بہتری کے لیے تعاون کریں۔ آخر میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیش کیے گئے مسائل پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب کر کے شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











