لورالائی شہر میں تجاوزات، ٹریفک اور صفائی کا جائزہ: ایس ڈی پی او اکبر علی کا اہم شاہراہوں اور بازاروں کا دورہ

لورالائی: ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی ہدایات پر ایس ڈی پی او اکبر علی اور ٹریفک انچارج عبدالجبار اوتمانخیل نے لورالائی شہر کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شاہراہوں، بازاروں اور اہم مقامات پر صفائی ستھرائی، تجاوزات، ٹریفک کے نظام اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے صدر بازار، تحصیل روڈ، ژوب روڈ، مسجد روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں کا معائنہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ایس ڈی پی او نے کہا کہ شہریوں کو تجاوزات، ٹریفک اور صفائی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے متعلقہ ادارے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے تجاوزات کے خاتمے کی کارروائیاں تیز کرنے، اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، سڑکوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمے باہمی رابطے سے اقدامات یقینی بنائیں۔
اس موقع پر ٹریفک پولیس نے شہر میں ٹریفک کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











