لسبیلہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس: ادویات اور عملے کی حاضری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈی سی حمیرا بلوچ

اوتھل: ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں صحت کی سہولیات اور محکمہ صحت کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سید فرید اللہ شاہ ہاشمی، پی پی ایچ آئی کے ڈی ایم ڈاکٹر منصور ملک، ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر تصدق، ایم ایس سول ہسپتال بیلہ ڈاکٹر عبدالحکیم موندرہ، ڈسٹرکٹ خزانہ آفیسر کامران یونس، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر شاہینہ قاضی، ڈرگ انسپکٹر عید محمد بلوچ، سپرنٹنڈنٹ ڈی سی آفس شیخ عنایت اللہ، سپرنٹنڈنٹ ہیلتھ آفس حضور بخش کھوسہ، پی پی ایچ آئی کے مانیٹرنگ آفیسر عمران ستار کھوسہ اور اکاؤنٹنٹ پاپولیشن شاہد نذیر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع لسبیلہ میں عوام کو صحت کی بنیادی اور ثانوی سہولیات کی فراہمی، ہسپتالوں کی کارکردگی، اسٹاف کی حاضری اور درپیش چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر حمیرا بلوچ نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹروں و پیرامیڈیکس کی حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں پی پی ایچ آئی اور سرکاری ہسپتالوں کے درمیان کوآرڈینیشن مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ اسٹاف کی حاضری اور طبی سہولیات کا معیار مزید بہتر بنائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کو علاج معالجے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











