قلات: ڈپٹی کمشنر عائشہ زہری کی خواتین سائلین کے وفد سے ملاقات، شکایات ترجیحی بنیادوں پر سننے کی یقین دہانی

قلات: ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری نے کہا ہے کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود، تحفظ، تعلیم، صحت اور بنیادی حقوق کا خیال رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں سائلین خواتین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو درپیش مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ خواتین کو تعلیم اور صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ باعزت اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اور اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے سائلین خواتین کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ خواتین کی شکایات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنے گی اور ان کے ازالے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے واضح احکامات ہیں کہ خواتین کی تعلیم، ہنر مندی اور معاشی خودمختاری کو فروغ دے کر انہیں معاشرے کی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس وژن کے تحت ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کے قیام کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے، اور ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں، سول سوسائٹی اور عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











