صحبت پور: ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین کا گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول گوٹھ عبدالفتح کھوسہ کا دورہ، طلبہ سے سوالات

صحبت پور: ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول گوٹھ عبدالفتح کھوسہ کا تفصیلی دورہ کیا اور سکول میں جاری تدریسی عمل، تعلیمی ماحول، طلبہ و اساتذہ کی حاضری اور دستیاب بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کرتے ہوئے طلبہ سے تعلیمی سرگرمیوں اور نصاب سے متعلق سوالات کیے اور ان کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اساتذہ سے تدریسی طریقۂ کار، طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور سکول کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
فریدہ ترین نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سکول میں نظم و ضبط، صفائی ستھرائی اور تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں زیرِ تعلیم بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے طلبہ کی تعلیمی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ اساتذہ ہی بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ طلبہ کو درپیش مسائل اور ضروریات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ بچوں کو سازگار اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











