سیوی میں یوم آزادی شایان شان منانے کا فیصلہ، 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر ریلی: ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس

سیوی: ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ونگ کمانڈر کرنل شہریار، چیئرمین ایم سی سردار محمد خان خجک، اسسٹنٹ کمشنر سیوی منصور علی شاہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قادر ہارون، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور مختلف محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس سے اللہ تعالیٰ نے ہمیں نوازا ہے، لہٰذا یومِ آزادی پاکستان قومی جذبے، اتحاد اور شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے تمام سرکاری محکموں کو 14 اگست کے حوالے سے خصوصی تقریبات، آگاہی پروگرام اور قومی جذبہ اجاگر کرنے والی سرگرمیوں کے انعقاد کی ہدایت کی۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو کو ہدایت دی کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ملی نغموں، تقاریر، ٹیبلوز، قومی یکجہتی پر مبنی پروگراموں اور مختلف مقابلوں پر مشتمل خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں۔ میونسپل اور متعلقہ اداروں کو شہر میں صفائی، خوبصورتی اور سجاوٹ کے بہترین انتظامات اور تمام سرکاری دفاتر پر قومی پرچم لہرانے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 14 اگست کو ضلعی انتظامیہ ڈسٹرکٹ ہسپتال اور ڈسٹرکٹ جیل کے دورے بھی کرے گی تاکہ وہاں موجود افراد کو بھی قومی خوشیوں میں شریک کیا جا سکے۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور محکموں کے سربراہان کو ماتحت عملے پر کڑی نظر رکھنے، ادارہ جاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ہنگامی صورتحال کے لیے مکمل تیاری کی ہدایت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست یومِ استحصال کشمیر پر ضلعی سطح پر بھرپور ریلی نکالی جائے گی، جس میں سرکاری محکموں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول سوسائٹی، مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں اور شہریوں کی شرکت یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر قومی دنوں کی تقریبات کی کامیابی، امن و امان اور عوامی سہولیات کے لیے باہمی تعاون اور موثر رابطے کی ہدایت کی گئی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











