زیارت: غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹس اور تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ، اسکولوں کی نگرانی کے لیے کمیٹیاں

زیارت: ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں تعلیمی امور، سرکاری اسکولوں کی کارکردگی، اساتذہ کی حاضری، طلبہ کے تعلیمی معیار اور تعلیمی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لطیف اللہ غرشین، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن عبدالمالک تاج، اکاؤنٹس آفیسر عبدالغنی پانیزئی، ڈی ڈی او فیمیل زیارت فرزانہ ارباب، ڈی ڈی او فیمیل سنجاوی فرزانہ کلثوم، ڈی ڈی او زیارت نقیب اللہ کاکڑ، جے ٹی اے کے صدر محمد نور دمڑ، جے ٹی اے آئینی کے صدر فیروز خان اور آر ٹی ایس ایم بدرالدین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کی دونوں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، جو سرکاری اسکولوں کے باقاعدہ دورے کرکے تعلیمی و انتظامی صورتحال اور اساتذہ کی حاضری کا موقع پر جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں گی۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مسلسل غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا جائے گا اور وجوہات معلوم کرنے کے بعد ضابطے کے مطابق تنخواہوں سے کٹوتی سمیت دیگر محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی نے کہا کہ اساتذہ کی بروقت حاضری اور ذمہ دارانہ کارکردگی تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اور فرائض میں غفلت، غیر حاضری یا طلبہ کے تعلیمی مستقبل سے متعلق کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











