رکھنی کو منصوبہ بند شہر بنانے کا وژن: کمشنر کوہِ سلیمان کی زیرِ صدارت ماڈل بازار منصوبوں کا جائزہ

بارکھان/رکھنی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوامی ترقیاتی وژن کے تحت کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمٰن قمبرانی کی زیرِ صدارت کمشنر آفس رکھنی میں ماڈل بازار اور مین بازار منصوبوں سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار، درپیش مسائل اور آئندہ لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بارکھان سید الرحمن کاکڑ، متعلقہ محکموں کے افسران، انجمن تاجران، بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ متعلقہ حکام نے منصوبوں کی تازہ ترین پیش رفت، تکنیکی و انتظامی امور اور تعمیراتی سرگرمیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بروقت تکمیل کے لیے سفارشات پیش کیں۔
رکھنی بلوچستان کے منصوبہ بند شہروں میں
کمشنر مجیب الرحمٰن قمبرانی نے کہا کہ رکھنی کو بلوچستان کے جدید اور منصوبہ بند (Planned) شہروں میں شامل کرنے کا وژن حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے، جس کے تحت شہری منصوبہ بندی، جدید انفراسٹرکچر اور منظم تجارتی مراکز کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل بازار اور مین بازار منصوبے اسی وژن کا اہم جزو ہیں، جو شہری سہولیات، کاروباری ماحول اور مقامی معیشت کو نئی جہت دیں گے۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبوں میں حائل تمام رکاوٹیں فوری دور کی جائیں، تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور ہر مرحلے پر معیار، شفافیت اور مقررہ ٹائم لائن کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تکمیل سے نہ صرف رکھنی کے تاجروں اور شہریوں کو جدید کاروباری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ یہ شہر کو بلوچستان کے ایک ماڈل اور منصوبہ بند شہری مرکز کے طور پر ترقی دینے کی بنیاد بھی بنیں گے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











