خضدار میں 79واں یومِ آزادی: قائدِ حزبِ اختلاف یونس عزیز زہری اور کمشنر قلات کی موجودگی میں پرچم کشائی
خضدار: ملک بھر کی طرح خضدار میں بھی 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے، قومی یکجہتی اور وطن سے والہانہ محبت کے عزم کے ساتھ منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام پروقار تقریب میں قائدِ حزبِ اختلاف بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری، کمشنر قلات ڈویژن قادر بخش پرکانی، ڈی آئی جی قلات رینج وزیر خان ناصر، کمانڈنٹ قلات اسکاؤٹس کرنل عرفان، ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی اور ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی موجودگی میں چاق و چوبند پولیس دستے کے ہمراہ قومی پرچم سربلند کیا گیا۔
قومی ترانے کی گونج میں پولیس دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
تقریب میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر خضدار میر ذاکر باجوئی، ڈسٹرکٹ آفیسر ڈاکٹر عبدالحمید، ڈویژنل فارسٹ آفیسر اویس اکبر زہری، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحفیظ کاکڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رحمت بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علم دین، ایکسیئن بی اینڈ آر سلیم رزاق عمرانی، ایکسیئن پی ایچ ای عبدالرؤف قمبرانی، ڈی ایس پی سٹی محمد عالم لہڑی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عابد حسین بلوچ سمیت تمام ضلعی محکموں کے افسران اور معززین نے شرکت کی۔ مہمانوں اور افسران نے قومی پرچم کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائیں۔
شرکاء نے پاکستان کی آزادی کو اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت قرار دیتے ہوئے عزم کیا کہ ملک و قوم کی ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کی جائیں گی۔ مقررین نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے آزاد وطن کے لیے دیں، اور بلوچستان سمیت ملک کے ہر خطے کی ترقی ہی مضبوط، خوشحال اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔ شرکاء نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں کو مشعلِ راہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











