جیوانی: اسسٹنٹ کمشنر طارق امام کا بازار کا دورہ، زائد نرخوں پر 3 پٹرول پمپس سیل، ایکسپائرڈ اشیا ضبط

جیوانی: ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایات پر عوام کو معیاری اشیا کی فراہمی، مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کا مؤثر نظام یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر جیوانی طارق امام نے جیوانی بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف پٹرول پمپس کا معائنہ کیا اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے پر 3 پٹرول پمپس سیل کر دیے۔ انہوں نے دکانوں اور کاروباری مراکز میں اشیائے خوردونوش کے معیار، نرخ ناموں اور میعادِ استعمال کا بھی جائزہ لیا۔
کارروائی کے دوران مختلف دکانوں سے ایکسپائرڈ اشیا، نان کسٹمز سگریٹس اور گٹکا برآمد کر کے ضبط کر لیا گیا، جبکہ دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ غیر معیاری، مضرِ صحت اور غیر قانونی اشیا کی فروخت سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو آئندہ محتاط رہنے اور حکومتی قوانین کی مکمل پابندی کی تنبیہ بھی کی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں اور ہوٹلوں کا دورہ کر کے صفائی ستھرائی، کھانے پینے کی اشیا کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا اور کاروباری افراد کو صفائی کا معیار بہتر بنانے اور مقررہ نرخوں کے مطابق قیمتیں وصول کرنے کی ہدایت کی۔
طارق امام نے کہا کہ عوام کو ریلیف اور معیاری اشیا کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی، زائد قیمتوں، غیر معیاری و مضرِ صحت اشیا اور غیر قانونی مصنوعات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دورے میں تحصیلدار جیوانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق بازاروں، پٹرول پمپس، ہوٹلوں اور دیگر کاروباری مراکز کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











