جعفرآباد میں داخلہ مہم اور عالمی یوم خواندگی پر آگاہی ریلی اور سیمینار، اسسٹنٹ کمشنر دھیرج کالرا کی قیادت

جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کے احکامات کی روشنی میں ضلع میں داخلہ مہم کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر جھٹ پٹ دھیرج کالرا کی سربراہی میں آگاہی ریلی نکالی گئی۔ شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بچوں کو اسکولوں میں داخل کرانے اور تعلیم کی اہمیت کے پیغامات درج تھے۔
ریلی میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جعفرآباد شکیل احمد، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر رسول بخش، ڈسٹرکٹ لٹریسی آفیسر طیبہ طاہر اور ساحل سکندر گولہ سمیت بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
بعد ازاں داخلہ مہم اور لٹریسی کے حوالے سے سیمینار بھی ہوا، جس سے اسسٹنٹ کمشنر دھیرج کالرا، طیبہ طاہر، شکیل احمد اور ساحل سکندر گولہ نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ ضلع جعفرآباد میں جہالت کی تاریکی کے خاتمے اور تعلیم کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کرنے کے لیے لٹریسی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر خالد خان کی قیادت میں ضلع بھر میں مختلف آگاہی پروگرامز اور ایونٹس منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ والدین اور عوام میں شعور بیدار کر کے اسکولوں سے باہر بچوں کو داخل کرایا جا سکے۔ مقررین کے مطابق حکومت بلوچستان کے وژن کے تحت بچوں کے مستقبل کو روشن اور انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











