جامعہ تربت کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد کا سٹی کیمپس میں اے آئی اور آئی ٹی کلاسز کا دورہ

تربت: جامعہ تربت کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے سٹی کیمپس میں جامعہ کے زیرِ اہتمام جاری آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیجیٹل فوٹوگرافی اور دیگر آئی ٹی و پیشہ ورانہ کورسز کی کلاسز کا دورہ کیا اور طلبہ کے لرننگ آؤٹ کم اور تربیتی معیار کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد اور شعبہ قانون کے سربراہ محمود امیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کا مقصد ڈیجیٹل تربیتی معیار، طلبہ کی حاضری اور عملی سرگرمیوں کی سہولیات کا براہِ راست جائزہ لینا تھا۔
پرو وائس چانسلر نے کمپیوٹر لیبز اور کلاس رومز کا معائنہ کیا اور انسٹرکٹرز اور طلبہ سے کورسز کے معیار، لیبز، سافٹ ویئرز، تربیتی طریقہ کار اور انٹرنیٹ کی سہولیات پر فیڈ بیک لیا، جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر کمال احمد نے کہا کہ موجودہ دور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور آئی ٹی کی مہارتیں نوجوانوں کے کامیاب مستقبل کے لیے ناگزیر ہو چکی ہیں، اور جامعہ تربت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں خطے کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اسمارٹ فون کو محض تفریح کے بجائے اپنے مستقبل کی تعمیر کے آلے کے طور پر استعمال کریں۔
بعد ازاں انہوں نے حکومت بلوچستان کے رائز پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے جاری ڈیجیٹل اسکلز اور پیشہ ورانہ تربیتی کورسز کی کلاسوں کا بھی معائنہ کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











