تمپ میں کھلی کچہری: ڈپٹی کمشنر برکت علی بلوچ اور کرنل شیر عالم کنڈی نے عوامی مسائل سنے

تمپ: ضلع انتظامیہ تمپ کے زیرِ اہتمام عوامی مسائل کے براہِ راست حل اور عوام و انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطے کے فروغ کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر تمپ برکت علی بلوچ نے کی جبکہ کرنل شیر عالم کنڈی مہمانِ خصوصی تھے۔
کھلی کچہری میں سول سوسائٹی کے نمائندوں، علاقائی معتبرین، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، یونین کونسلوں کے چیئرمینوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سوراپ بارڈر، بجلی اور کاریزات کے مسائل
اس موقع پر نصیر احمد گچکی، حاجی حنیف رند، چیئرمین شاہو رند، گل جان ملک، بابو بدر، علی جمعہ زعمرانی اور دیگر مقررین نے اپنے اپنے علاقوں کو درپیش مسائل اجاگر کیے اور متعلقہ محکموں کے سربراہان سے مختلف امور پر سوالات کیے۔
شرکاء نے امن و امان، ضلع تمپ کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی، روزگار کے مواقع، آبپاشی کے مسائل، سوراپ بارڈر کی بندش، تحصیل مند میں بجلی کی فراہمی، راہداریوں کی بندش، تمپ تا تربت (زبیدہ جلال) شاہراہ پر جاری مرمتی کام کی مؤثر نگرانی، خشک کاریزات کی بحالی، زرعی شعبے کی ترقی اور دیگر عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔
متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکاء کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے اور مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں کرنل شیر عالم کنڈی، ڈپٹی کمشنر تمپ برکت علی بلوچ، ایس ایس پی عارف علی، محکمہ پی پی ایچ آئی، محکمہ زراعت، محکمہ بی اینڈ آر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے فرداً فرداً شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے اور ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی۔
تقریب میں چیئرمین امین قریشی، اسسٹنٹ کمشنر تمپ شیخ حیات، اسسٹنٹ کمشنر مند میر حسن، ڈی ایس پی اسماعیل بلوچ، ڈی ڈی ای او تمپ و مند، مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
کھلی کچہری کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے بروقت حل، بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے ایسے عوامی رابطہ پروگرام آئندہ بھی باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











