تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر گل حسن کی زیر صدارت اجلاس، اسٹریٹجک پلان اور اسپرنگ 2027 داخلوں کا جائزہ

تربت: یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیر صدارت یونیورسٹی کے مین کیمپس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسٹریٹجک پلان 30-2026 کی روشنی میں تعلیمی معیار اور ادارے کی قومی ساکھ کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کا بنیادی مقصد یونیورسٹی کے نصاب کو قومی ترقیاتی ترجیحات اور مارکیٹ کی بدلتی ضروریات کے مطابق ڈھالنا تھا تاکہ طلبہ کی عملی مہارتوں میں اضافہ کرکے ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
اجلاس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگوئجز کے ڈین ڈاکٹر عبدالصبور (تمغۂ امتیاز)، فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر محمد طاہر حکیم، فیکلٹی آف لاء کے ڈین ڈاکٹر مظفر حسین، رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر فنانس شاہ بیک سید، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عبدالماجد ناصر، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر محمد یاسین اور تمام تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔
تحقیق، ایکریڈیٹیشن اور ڈیجیٹلائزیشن
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے فیکلٹی اور انتظامی سربراہان پر زور دیا کہ قومی و بین الاقوامی سطح پر ریسرچ پروجیکٹس کے حصول، اعلیٰ معیار کے تحقیقی مقالوں کی اشاعت اور ایم فل و پی ایچ ڈی پروگراموں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کی جائیں۔ انہوں نے طلبہ کے داخلوں میں اضافے، تعلیمی پروگراموں کی باقاعدہ ایکریڈیٹیشن اور تربت یونیورسٹی کے ریسرچ جرنلز کی ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظوری کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وائس چانسلر نے آؤٹ کم بیسڈ ایجوکیشن فریم ورک کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ تربت یونیورسٹی کے گریجویٹس قومی اور عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا سکیں۔ شرکاء نے ایچ ای سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق جدید تعلیمی پروگرام متعارف کرانے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں اسپرنگ 2027 کے داخلوں کی تیاریوں، یونیورسٹی کے ایڈمیشن سسٹم اور تعلیمی و انتظامی سرگرمیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کے عمل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اختتام پر کیمپس میں بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور تدریس و تحقیق کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











