تربت: یونیورسٹی آف تربت کے ASRB کا پچیسواں اجلاس، وائس چانسلر ڈاکٹر گل حسن کی زیرصدارت

تربت: یونیورسٹی آف تربت کے ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (ASRB) کا پچیسواں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں تمام فیکلٹیز کے ڈینز، ڈائریکٹرز اور سینئر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ایم فل تھیسز کی ایویلیویشن، زبانی امتحانات، ڈگریوں کے اجراء کی منظوری، سپروائزرز کی تقرری، ریسرچ پروپوزل ڈیفنس اور دیگر اعلی تعلیمی و تحقیقی امور سے متعلق مختلف ایجنڈا آئٹمز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوانسڈ اسٹڈیز اور تحقیقی سرگرمیوں کے حوالے سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے رہنما اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ اعلی تعلیم اور تحقیق محض ڈگری کے حصول تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ تحقیقی نتائج کے ثمرات سے قوم و معاشرے کو عملی طور پر مستفید ہونا چاہیے۔
انہوں نے اسکالرز پر زور دیا کہ وہ ایسے جدید علوم اور موضوعات پر تحقیق کو ترجیح دیں جو مقامی اور قومی سطح پر کمیونٹی کے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوں۔
وائس چانسلر نے اساتذہ اور محققین سے کہا کہ وہ قومی و بین الاقوامی ریسرچ گرانٹس بالخصوص ایچ ای سی کے نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز (NRPU) کے تحت تحقیقی منصوبے حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کریں تاکہ جامعہ میں ایک مضبوط، پائیدار اور معیاری تحقیقی کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر نے جامعہ تربت میں معیاری تحقیق کے فروغ کے لیے اساتذہ، اسکالرز اور ڈائریکٹوریٹ آف گریجویٹ اسٹڈیز کی انتھک کاوشوں اور لگن کو سراہا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











