تربت: ڈھنک کے سرکاری اسکول میں یوم اساتذہ کی تقریب، طلبہ کی تقاریر میں اساتذہ کو خراج تحسین

تربت: گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول ڈھنک میں ہیڈ ماسٹر ماجد علی کی زیرِ نگرانی یومِ اساتذہ کے سلسلے میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔ نظامت مہراب کریم نے کی جبکہ جماعت ہفتم کے طالب علم حمدان نے تلاوت کی۔
طلبہ نے یومِ اساتذہ کی مناسبت سے تقاریر میں اساتذہ کی عظمت، محنت، اخلاص اور قوم کی تعمیر و ترقی میں ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ استاد طلبہ کی شخصیت سازی اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھتے ہیں۔
بزرگ استاد عبدالرشید نے کہا کہ تعلیم انسان کی شخصیت سنوارنے کا اہم ذریعہ ہے اور استاد رہنمائی کر کے طلبہ کو ذمہ دار اور مفید شہری بناتا ہے؛ انہوں نے طلبہ پر حصولِ علم کے ساتھ اساتذہ کے احترام پر زور دیا۔
ہیڈ ماسٹر ماجد علی نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور کسی قوم کا روشن مستقبل اساتذہ کی محنت، اخلاص اور رہنمائی سے وابستہ ہوتا ہے۔ استاد طالب علم کی تربیت میں والد کی طرح اہم کردار ادا کرتا ہے، اور جو طالب علم اساتذہ کا احترام کرتا اور تعلیم پر توجہ دیتا ہے وہ زندگی میں کامیاب ہوتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو باقاعدگی سے تعلیم حاصل کرنے اور صلاحیتیں مثبت سرگرمیوں میں بروئے کار لانے کی تلقین کی۔
تقریب کے اختتام پر اساتذہ نے طلبہ کی تقاریر اور اظہارِ محبت کو سراہا، اور طلبہ کو تعلیم کے ساتھ اخلاق، نظم و ضبط اور اساتذہ کے احترام کو زندگی کا حصہ بنانے کی تلقین کی گئی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











