بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ 15 اکتوبر کو دیہی خواتین کی کاروباری تربیت کے لیے خصوصی تقریب منعقد کرے گا

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے کے دیہی علاقوں کی خواتین کو کاروباری لحاظ سے بااختیار بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں بورڈ کے زیرِ اہتمام دیہی خواتین کی کاروباری تربیت اور آگاہی کے لیے 15 اکتوبر کو خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں بلوچستان بھر کے دور دراز علاقوں سے خواتین کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات تقریب کی تیاریوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں سی ای او عبدالمنان، سوشل انوویشن اکیڈمی کی نمائندہ روزینہ کاکڑ اور دیگر حکام شریک تھے۔
بلال خان کاکڑ نے کہا کہ دیہی خواتین کی کاروباری صلاحیتیں اجاگر کرنا، انہیں جدید کاروباری طریقوں سے روشناس کرانا اور ان کے وسائل کو آمدن کے مؤثر ذرائع میں بدلنے کے مواقع دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دیہی خواتین دستکاری، زراعت، لائیو اسٹاک، فوڈ پروسیسنگ، گھریلو صنعت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں صلاحیتیں بروئے کار لا کر اپنے خاندانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے ساتھ مقامی معیشت کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ خواتین کو کاروباری مواقع، سرمایہ کاری کے امکانات، مارکیٹ تک رسائی اور کاروبار کے فروغ سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ مجوزہ تقریب کا مقصد دیہی خواتین کو ایسا پلیٹ فارم دینا ہے جہاں وہ ماہرین سے رہنمائی لینے کے ساتھ اپنے کاروباری آئیڈیاز اور مسائل بھی پیش کر سکیں۔
وائس چیئرمین کے مطابق دور دراز علاقوں کی باصلاحیت خواتین کو معاشی سرگرمیوں کا حصہ بنانا صوبے کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے، اور بورڈ خواتین کی کاروباری استعداد بڑھانے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











