اُستا محمد: ڈی ای جی اجلاس میں 22 غیر حاضر اساتذہ کی معطلی اور انکوائری کا فیصلہ

اُستا محمد: ڈپٹی کمشنر اُستا محمد محمد رمضان پلال کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ (DEG) کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی، تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی حاضری، تعلیمی معیار میں بہتری اور اداروں کو درپیش انتظامی و بنیادی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی ای او شبیر احمد لانگووے، اسسٹنٹ کمشنر اُستا محمد ماریہ شمعون، سراج احمد، آر ٹی ایس ایم کے انچارجز، گرلز و بوائز کالجز کے پرنسپلز، اساتذہ تنظیموں کے نمائندوں، غیر سرکاری تنظیموں (NGOs) اور پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر منظور احمد پندرانی سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی
اجلاس میں زور دیا گیا کہ تدریسی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے اساتذہ کی باقاعدہ حاضری، کلاس رومز میں تدریسی سرگرمیوں کا تسلسل اور تعلیمی نظم و ضبط یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
آر ٹی ایس ایم کی مرتب کردہ حاضری رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ مسلسل غیر حاضر رہنے والے 22 اساتذہ کو ضابطے کے مطابق معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری کی جائے گی تاکہ غیر حاضری کی وجوہات کا تعین ہو سکے۔ ڈی ای او کو ہدایت کی گئی کہ پیش رفت اور نتائج سے آئندہ اجلاس میں آگاہ کریں۔
انسپکشن کمیٹیاں
تعلیمی معیار بہتر بنانے اور تدریسی خامیوں کی بروقت نشاندہی کے لیے تمام ہائی اور مڈل اسکولوں میں داخلی انسپکشن کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ کمیٹیاں ماہانہ بنیادوں پر تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی حاضری، طلباء کی تعلیمی پیش رفت، نظم و ضبط اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیں گی۔ رپورٹس متعلقہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے دفتر کے ذریعے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔
کلسٹر انسپکشن کمیٹیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور حکام کو ہدایت کی گئی کہ معائنے کے عمل میں تیزی لائی جائے اور زیرِ التواء رپورٹس جلد پیش کی جائیں۔ خامیوں، اساتذہ کی غیر حاضری، تدریسی مسائل اور سہولیات کی کمی کی واضح نشاندہی پر زور دیا گیا۔
ناقابلِ استعمال کمرے اور اسکول بسیں
گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اُستا محمد کے ناقابلِ استعمال کمروں کا معاملہ زیر بحث آیا۔ ہدایت کی گئی کہ طالبات اور عملے کی حفاظت کے پیش نظر ایسے کمرے سیل کیے جائیں اور متبادل جگہ فراہم کی جائے۔
اجلاس میں تین نئی اسکول بسوں کے گزشتہ دس ماہ سے غیر فعال کھڑے ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فیصلہ ہوا کہ سیکریٹری تعلیم بلوچستان کو باضابطہ آگاہ کرتے ہوئے بسوں کو فعال بنانے کے لیے ضروری اقدامات کی سفارش کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی، اساتذہ کی حاضری اور نظم و ضبط برقرار رکھنا متعلقہ افسران اور تعلیمی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق تعلیمی نظام میں بہتری صرف اجلاسوں سے ممکن نہیں بلکہ فیصلوں پر عملی عملدرآمد، افسران کی جوابدہی اور مسلسل نگرانی ضروری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ معائنے کو محض رسمی کارروائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ تدریسی معیار، طلباء کی ضروریات اور اداروں کے مسائل کا حقیقی جائزہ لیا جائے، سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے اور غیر حاضری پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے عزم ظاہر کیا کہ ضلع اُستا محمد میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے نگرانی اور جائزے کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے گا جبکہ فیصلوں پر عملدرآمد کا آئندہ اجلاس میں دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











