اُستا محمد میں جناح روڈ پر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز

اُستا محمد: ڈپٹی کمشنر اُستا محمد محمد رمضان پلال کی ہدایت پر شہر میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اور اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ماریہ شمعون کی نگرانی میں جناح روڈ پر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کارروائی کی خود نگرانی کی۔ آپریشن کے دوران جناح روڈ کے اطراف قائم مختلف نرم و سخت تجاوزات ہٹائی گئیں، جبکہ سڑک اور فٹ پاتھ پر قائم غیر قانونی رکاوٹیں اور عارضی تعمیرات ختم کر کے عوام کے لیے گزرگاہ کشادہ کی گئی۔
ماریہ شمعون نے کہا کہ اہم شاہراہوں اور عوامی گزرگاہوں پر ناجائز تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی، کیونکہ ان سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور شہریوں، بالخصوص پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقصد ٹریفک کا نظام بہتر بنانا، آمدورفت یقینی بنانا اور پیدل چلنے والوں کے لیے راستے بحال کرنا ہے، اور عملے کو ہدایت کی کہ تجاوزات دوبارہ قائم نہ ہونے دی جائیں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور شاہراہوں، فٹ پاتھوں اور گزرگاہوں پر قائم تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











