اورماڑہ: ڈاکٹر علی اکبر لال کا بنیادی مرکزِ صحت بل کا دورہ، طبی سہولیات اور ادویات کا جائزہ

اورماڑہ: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور رورل ہیلتھ سینٹر اورماڑہ کے انچارج ڈاکٹر علی اکبر لال نے بنیادی مرکزِ صحت بل اورماڑہ کا دورہ کیا اور وہاں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات، عملے کی حاضری اور دیگر طبی امور کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹر علی اکبر لال نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ادویات کی دستیابی برقرار رکھی جائے اور مرکزِ صحت میں صفائی سمیت تمام بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا محکمہ صحت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور طبی عملے پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنے فرائض ذمہ داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دیں۔
دورے کے دوران بنیادی مرکزِ صحت کی مجموعی کارکردگی اور عوام کو درپیش طبی مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











