اورماڑہ بازار میں پرائس کنٹرول کمیٹی کا معائنہ، 8 دکانداروں اور 2 ہوٹل مالکان کو وارننگ

گوادر/اورماڑہ: ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر تحصیلدار اورماڑہ نور خان بلوچ کی سربراہی میں پرائس کنٹرول کمیٹی نے اورماڑہ بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور دکانوں، ہوٹلوں، سبزی اور مرغی فروشوں سمیت دیگر کاروباری مراکز کا معائنہ کیا۔
کمیٹی نے اشیائے ضروریہ کے نرخ، سرکاری نرخ ناموں کی دستیابی اور ان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور دکانداروں کو مقررہ نرخوں پر اشیاء فروخت کرنے کی ہدایت کی۔ بازار میں صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لے کر صفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔
خلاف ورزیوں اور ناقص انتظامات پر 8 دکانداروں اور 2 ہوٹل مالکان کو وارننگ جاری کی گئی اور واضح کیا گیا کہ نرخوں کی خلاف ورزی، صفائی میں غفلت اور غیر معیاری اشیاء کی فراہمی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمیٹی نے کہا کہ بازاروں کی نگرانی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











