اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم خان حریفال کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس

دکی: اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم خان حریفال کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، مارکیٹ ریٹس کے تعین، ناجائز منافع خوری اور عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر تھل چوٹیالی ڈاکٹر عبدالسلام شاہوانی، نائب تحصیلدار اکرام اللہ خان ترین، نائب تحصیلدار بلال احمد، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سمندر خان ناصر، بلوچستان فوڈ اتھارٹی آفیسر بخت محمد ناصر، ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر کمال خان، انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری مولوی نصراللہ لونی اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر نرخوں کے تعین، سبزی منڈی کے نرخوں کی تصدیق، ٹرانسپورٹیشن اخراجات اور مناسب منافع کو مدنظر رکھتے ہوئے دکی بازار کے نرخ مقرر کرنے، پٹرول و ڈیزل کے نرخوں کے تعین اور زائد قیمتوں پر فروخت کی روک تھام پر غور کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، کیونکہ عوام کو مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











