اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم خان حریفال کا سب جیل دکی کا دورہ، قیدیوں کی سہولیات کا جائزہ

دکی: ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم خان حریفال نے محکمہ داخلہ حکومتِ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں سب جیل دکی کا تفصیلی دورہ کیا اور قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات سمیت انتظامی و سکیورٹی امور کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بیرکس، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی، واش رومز، کچن، خوراک کے معیار اور دیگر بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا اور جیل کے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے جیل انتظامیہ سے قیدیوں کی مجموعی تعداد، جیل کی گنجائش اور رہائشی انتظامات پر بریفنگ لی اور مختلف بیرکس میں قیدیوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور ضروریات کے بارے میں براہِ راست معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے جیل انتظامیہ کو صفائی، خوراک کے معیار، پینے کے صاف پانی اور دیگر سہولیات مزید بہتر بنانے اور سکیورٹی انتظامات میں کوئی غفلت نہ برتنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری اداروں میں انتظامی امور، سکیورٹی اور بنیادی سہولیات کی نگرانی جاری رکھے گی اور تمام اداروں کو دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے سہولیات کی بہتری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











