اسسٹنٹ کمشنر بلیدہ ابوبکر میروانی کا تربت میں سوشل ویلفیئر آفس کا دورہ، فلاحی پروگراموں پر بریفنگ

تربت: اسسٹنٹ کمشنر بلیدہ ابوبکر میروانی نے محکمہ سوشل ویلفیئر ضلع کیچ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز سخی نے ان کا استقبال کیا اور محکمے کے فلاحی پروگراموں اور عوامی خدمت کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں معذور افراد کی رجسٹریشن اور فلاحی معاونت، کہمک پروگرام، ڈرگ ڈیٹوکسیفکیشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹر، ویمن ووکیشنل ٹریننگ سینٹر، معذوری سرٹیفکیٹس کے اجرا، میڈیکل اسیسمنٹ بورڈ اور دیگر سماجی بہبود کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے دفتر کے مختلف شعبوں کا دورہ کر کے عوام کو دی جانے والی سہولیات، ریکارڈ کی دیکھ بھال اور فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور کہا کہ معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کی خدمت اہم ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں محکمے کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔
امتیاز سخی نے محکمے کو درپیش انتظامی و بنیادی مسائل، وسائل کی کمی اور اداروں کی ضروریات سے بھی آگاہ کیا۔ ابوبکر میروانی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ڈپٹی کمشنر کیچ سے ملاقات کر کے ان مسائل کے حل کی ہر ممکن کوشش کریں گے، اور ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ معذور افراد، خواتین، بچوں اور دیگر مستحق طبقات کو بہتر سہولیات مل سکیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











